14th Jan 2017 DMC Central Karachi News & Picture Rain Emergency



دوران برسات چیئرمین ریحان ہاشمی ،وائس چئیرمین سید شاکر علی کا ہنگامی دورہ 

فوری اور بہتر منصوبہ بندی کے سبب ضلع وسطی کے 80فیصد علاقے سے پانی کی نکاسی کا عمل مکمل کرلیا گیا

بلدیہ وسطی کا عملہ افرادی قوت اور مشنری کو استعمال میں لاتے ہوئے دن رات رین ایمرجنسی کی کام میں مصروف 

مورخہ : 14؍ جنوری 2017ء ؁ 

کراچی ( ) چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے کہا ہے کہ وسائل کی کمی اور اختیارات کے نہ ہونے کے باوجود بلدیاتی قیادت عوام کو بارشوں کے دوران مکمل ریلیف دینے کے لئے میدان عمل میں ہے جبکہضلع وسطی کے80 فیصد علاقے سے پانی کی نکاسی کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے انہوں نے مزید کہا کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی ناقص کاکردگی نے بارانِ رحمت کو شہریوں کے لئے سامانِ زحمت بنادیا ہے برساتی نالوں کی صفائی اگر بروقت کی جاتی تو برساتی نالے اوور فلو نہ ہوتے اور نہ ہی بارش کا پانی سڑکوں پر جمع ہوتا ۔وہ بارش کے دوران ضلع وسطی کے مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پر موجود افراد سے گفتگوکررہے تھے۔ ریحان ہاشمی نے بارش کے دوران وائس چیئرمین سید شاکر علی اور متعلقہ یوسی چیئرمین کے ہمراہ ، خصوصاً ایسے علاقوں کا دورہ کیا کہ جہاں نکاسی میں خلل کی وجہ سے بارش کا پانی سڑکوں اور گلیوں میں بھرا ہُو اتھا۔ ان علاقوں میں نارتھ کراچی ،نیو کراچی ،نارتھ ناظم آباد ،بفرزون ،کریم آباد ،لیاقت آباد ،گلبہار ،ایف بی ایریا،ناگن چورنگی شامل ہیں جبکہ محکمہ باغات کا عملہ لیاقت آباد ،نارتھ ناظم آباد ،ناظم آباد میں سڑکوں کے کنارے لگے بڑے درختوں کی بھی چھٹائی کے کام مصروف عمل ہے ریحان ہاشمی نے اپنی نگرانی میں مین پاور اور دستیاب مشینوں کے ذریعے ان علاقوں سے پانی کی نکاسی کا عمل مکمل کرایا۔ اس موقع پر انہوں نے علاقہ مکینوں سے ان کے مسائل سنے اور متعلقہ ڈپارٹمنٹ کے افسر کو ضروری اقدامات کرنے کی ہدایات دیں۔ واضح رہے کہ بلدیہ وسطی کے چیئرمین، وائس چیئرمین ، یوسی چیئرمین اور وائس چیئرمین حضرات ، دیگر افسران و کارکنان بارش کی شروعات سے قبل ہی اپنے اپنے حصے کی ذمہ داری نبھانے کے لئے چوکس ہوچکے تھے۔ محکمہء موسمیات کی جانب سے بارش کی پیش گوئی کے سبب بلدیہ وسطی میں ایمر جنسی نافذکر کے عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ، افسران اور کارکنان شانہ بشانہ دن رات بلدیاتی خدمات انجام دینے میں مصروف رہے۔ سینی ٹیشن ڈپارٹمنٹ اور موٹر وہیکل ڈپارٹمنٹ نے باہمی تعاون سے افرادی قوت اور دستیاب مشنری کا بہتر استعمال کرتے ہوئے ضلع وسطی کے تقریباً 70فیصد علاقے سے بارش کا جمع ہونے والا پانی کامیابی کے ساتھ برساتی نالوں اور دیگر ریگولر گٹرلائنوں کے ذریعے نکال دیاہے تاہم کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی جانب سے مخدوش سیوریج لائنوں کی بروقت مرمت نہ کرنے کی وجہ سے بارش کا پانی اُس تیزی کے ساتھ رہائشی اور دیگر علاقوں سے نہیں نکالا جاسکا جیسا کہ ہونا چاہئے تھا۔ چیئرمین ریحان ہاشمی نے ایک بار پھر کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داری اداکرتے ہوئے ضلع وسطی کی تمام مخدوش سیوریج لائنوں کی فوری مرمت کرے۔ دوسری جانب شہر بھر میں جاری میٹرو بس سروس کے لئے بنائی جانے والی سڑکوں اور پلوں کے تعمیراتی کام کی وجہ سے بھی مختلف علاقوں سے پانی کی نکاسی میں کافی دشواری کا سامنا ہورہاہے۔ 





14th Jan 2017 DMC Central Karachi News & Picture Rain Emergency